کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کوئی اور نہیں، خود انسان ہوتا ہے۔
وہ دیواریں جو ہمیں آگے بڑھنے سے روکتی ہیں، اکثر باہر نہیں بلکہ ہمارے دل و دماغ کے اندر کھڑی ہوتی ہیں۔
ناکامی کی اصل جڑ خوف ہے ،جو خاموش مگر طاقتور ہے ۔
“میں نہیں کر سکتا… یہ میرے بس کی بات نہیں…”
یہی چند لفظ انسان کی صلاحیتوں پر تالے لگا دیتے ہیں ،یہی اندیشے اس کے قدموں میں زنجیر بن جاتے ہیں ،مگر جب انسان خود کو اس خوف کی گرفت سے آزاد کر لیتا ہے،جب وہ اپنے اندر یقین کی شمع روشن کر لیتا ہے،جب وہ پختہ ایمان کے ساتھ یہ مان لیتا ہے کہ
“میں کر سکتا ہوں، کیونکہ اللّٰہ نے مجھے بے مقصد نہیں بنایا”
تو پھر راستے خود سمٹنے لگتے ہیں،مشکلیں اپنی ہیبت کھونے لگتی ہیں،اور وہی انسان جو کل تک خوف کے حصار میں تھا،آج بڑے سے بڑا کارنامہ انجام دے دیتا ہے۔
انسان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ نہ حالات ہوتے ہیں، نہ لوگ، نہ وسائل کی کمی…
اکثر وہ خود اپنے راستے میں روکاوٹ بن کر کھڑا ہوتا ہے۔
وہ اپنی صلاحیتوں سے ناواقف رہتا ہے،اپنی قوت کو کم تر سمجھتا ہے،اپنے وجود کی قدر کو پہچان نہیں پاتا،حالانکہ اس کے اندر امکانات کا ایک وسیع جہاں آباد ہوتا ہے۔
اگر انسان کو خود آگاہی میسر آ جائے،اگر وہ اپنے باطن کی گہرائی میں اتر کر خود کو پہچان لے،اگر اسے یہ شعور حاصل ہو جائے کہ اس کے اندر کتنی صلاحیتیں پوشیدہ ہیں ،تو پھر وہ اپنے ہی ہاتھوں باندھی ہوئی گرہیں کھول سکتا ہے۔
وہ اپنی طاقت کو بروئے کار لا سکتا ہے ،وہ اپنی راہ میں کھڑی دیواروں کو گرا سکتا ہے۔
خود آگاہی دراصل وہ چراغ ہے ، جو انسان کو اس کے اصل مقام کا پتہ دیتا ہے۔
اور جب انسان خود کو پہچان لیتا ہے،تو پھر دنیا کی کوئی رکاوٹ اسے زیادہ دیر روک نہیں سکتی ۔
کامیابی کا سفر شروع ہی تب ہوتا ہے ،جب انسان اس خوف سے آزاد ہو جاتا ہے، کہ وہ کچھ نہیں کر سکتا ،جب وہ دوسروں کی توقعات کے بوجھ سے نکل کر اپنے مزاج کا کام کرنے لگتا ہے،جب وہ اپنی عطا کردہ صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں استعمال کرنے کا ہنر سیکھ لیتا ہے ،تو پھر اسے کامیابی کے پیچھے بھاگنا نہیں پڑتا ،بلکے کامیابی خود اس کے دروازے پر دستک دینے لگتی ہے۔
جو شخص اپنی فطرت کے مطابق جیتا ہے،
وہ بناوٹ سے آزاد ہوتا ہے،اور جو بناوٹ سے آزاد ہو،وہ اپنی اصل طاقت کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔
زندگی ہر روز بے شمار مواقع دیتی ہے،مگر وہ مواقع صرف اسی کے لیے معنی رکھتے ہیں
جو اپنی صلاحیتوں سے واقف ہو،جو جانتا ہو کہ اس کے اندر کون سا جوہر پوشیدہ ہے،اور کس سمت میں اسے قدم بڑھانا ہے۔
خود شناسی دراصل وہ کنجی ہے،جو مواقع کے بند دروازے کھولتی ہے۔
جو خود کو جان لیتا ہے،وہ موقع کو پہچان لیتا ہے اور جو موقع کو پہچان لے،کامیابی اس کی ہم سفر بن جاتی ہے۔
دیوارِ “میں ” کے اُس پار
کامیابی حاصل کرنے کے لیے انسان کو سب سے پہلے اپنے اندر کھڑی “میں” کی دیوار توڑنی پڑتی ہے۔
وہ دیوار جو اسے احساس دلاتی ہے “یہ ممکن نہیں… یہ تمہارے بس کی بات نہیں…”
حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ راستہ مشکل ضرور ہوتا ہے،مگر ناممکن نہیں۔
جب انسان اپنے خدشات کو شکست دیتا ہے،
اپنے خوف کی زنجیروں کو کاٹ دیتا ہے،اور اپنے محدود یقین کو وسیع اعتماد میں بدل دیتا ہے،تو کامیابی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔
کامیاب ہونے کے لیے اکثر کٹھن راستوں سے گزرنا پڑتا ہے ،پتھریلی زمین پر قدم زخمی بھی ہوتے ہیں،تنہائی کے لمحات بھی آتے ہیں،اور تھکن بھی وجود کو گھیر لیتی ہے۔
مگر مستقل مزاجی سے کی گئی محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی ،یہی محنت، یہی استقامت، ایک دن انسان کو کامیابی کی دولت سے ہمکنار کر دیتی ہے۔
ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ یہاں اکثریت اس خوف میں جیتی ہے کہ وہ کچھ نہیں کر سکتی ،اسی لیے مواقع نہ ملنے اور حالات کے ناسازگار ہونے کا شکوہ عام ہے۔
جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے ،انسان کو اللّٰہ تعالیٰ نے ایسی صلاحیتوں سے نوازا ہے ،کہ وہ چاہے تو پہاڑوں کا سینہ چاک کر کے عظیم عمارتیں تعمیر کر سکتا ہے،فضا کی بلندیوں کو چھو سکتا ہے،اور سمندر کی گہرائیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
یہ قوت باہر نہیں ۔۔۔۔۔ بلکے اندر ہے۔
اسی لیے کامیابی کی پہلی منزل اپنی ذات پر کام کرنا ہے ،اپنے باطن کو سنوارنا،اپنے خوف کو پہچان کر اس کا علاج کرنا،اپنے یقین کو مضبوط کرنا۔
اپنی ذات پر صرف کیا گیا وقت کبھی ضائع نہیں جاتا،جو شخص جتنا زیادہ اپنے اندر کی کمزوریوں کو درست کرتا ہے،اتنا ہی مضبوط ہو کر میدان میں اترتا ہے۔
اور جب وہ اعتماد کے ساتھ قدم رکھتا ہے،
تو وہ نتائج حاصل کر لیتا ہے ،جن تک پہنچنے میں اکثریت کو برسوں لگ جاتے ہیں ۔
اور بعض اوقات تو وہ وہاں تک پہنچ ہی نہیں پاتے ،کامیابی دراصل باہر کی جنگ نہیں،یہ اندر کی فتح کا نام ہے۔
جو اپنی ذات کو جیت لے،وہ زمانے کو بھی جیت سکتا ہے۔
ذہنی انتشار ۔۔۔۔۔ صلاحیتوں کا پہلا دشمن
ذہنی الجھنیں دراصل انسان کی صلاحیتوں کے بکھرنے کی سب سے بڑی وجہ ہوتی ہیں ،جب انسان اندر سے منتشر ہو جائے تو باہر کی دنیا بھی اسے ویران دکھائی دیتی ہے۔
ہر راستہ بند محسوس ہوتا ہے،ہر موقع دھندلا سا لگتا ہے،اور ہر معاملے میں ناامیدی کا سایہ غالب آ جاتا ہے۔
حالانکہ کمزوری حالات میں نہیں،ذہن کی کیفیت میں ہوتی ہے ،ذہنی طور پر مضبوط ہونا اس وقت ممکن ہوتا ہے،جب انسان ماضی کی زنجیروں سے خود کو آزاد کر لے،اپنی غلطیوں پر مسلسل افسوس کرتے رہنے کے بجائے،ان سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرے۔
جب وہ مستقبل کو روشن بنانے کا عزم کرے،
اور حال کو بہتر بنانے کی جدوجہد میں خود کو مصروف کر دے ،پھر اس کی زندگی سنورنے لگتی ہے۔
جس دن انسان اپنے ساتھ مخلص ہو جائے،
اپنے ضمیر کے سامنے سچا ہو جائے،اس دن اسے وقت کی قدر محسوس ہونے لگتی ہے۔
پھر ہر لمحہ اس کے لیے بامعنی ہو جاتا ہے ،وہ یہ اعتراف کرتا ہے کہ وہ بے مقصد پیدا نہیں کیا گیا۔
اس کے وجود میں کوئی نہ کوئی حکمت، کوئی نہ کوئی مقصد ضرور پوشیدہ ہے۔
منتشر ذہن ناکامی کو جنم دیتا ہے،مگر یکسو دل تقدیر بدل دیتا ہے۔
ذہنی مضبوطی ۔۔۔۔ وقت کی قدر اور کامیابی کا وعدہ
جب انسان ذہنی طور پر مضبوط ہو جاتا ہے ، تو ناامیدی اس کے وجود سے رخصت ہونے لگتی ہے ،وہ وقت ضائع کرنے کی عادت سے بھی نجات پا لیتا ہے،کیونکہ اسے یہ شعور حاصل ہو جاتا ہے کہ زندگی کے لمحے امانت ہیں۔
پھر اس کے لیے سب سے قیمتی شے اس کا وقت بن جاتا ہے ،وہ اسے بے مقصد مصروفیات کی نذر نہیں کرتا،بلکہ ہر ساعت کو ایک بہترین رہبر کی طرح استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
وہ جان لیتا ہے کہ وقت ہی وہ سرمایہ ہےجس سے خواب حقیقت میں ڈھلتے ہیں ،وہ شکوہ نہیں کرتا ،وہ کوشش کرتا ہے۔
اور اس میں کوئی شک نہیں کہ کوشش کبھی رائیگاں نہیں جاتی ،جو شخص اخلاص، محنت اور عزم کے ساتھ قدم بڑھاتا ہے،اللّٰہ تعالیٰ اس کی جدوجہد کو ضائع نہیں فرماتا۔
کیونکہ کامیابی محض خواہش سے نہیں ملتی،
وہ مسلسل کوشش اور پختہ یقین کا ثمر ہوتی ہے ،اور اللّٰہ اپنے بندوں کی محنت کا بہترین صلہ دینے والا ہے۔
استقامت ۔۔۔۔۔ کامیابی کی دوسری شرط
کامیابی کی پہلی سیڑھی یقین ہے،اور دوسری شرط استقامت ،استقامت یہ ہے کہ انسان کسی ایک راستے کا انتخاب کرے اور پھر اسی پر ثابت قدمی سے چلتا رہے۔
اپنی توانائی، اپنی طاقت، اپنی سمجھ بوجھ اور اپنی صلاحیتوں کو ایک ہی مقصد پر مرکوز کر دے۔
کیونکہ منتشر روشنی صرف چمک پیدا کرتی ہے،مگر مرکوز روشنی آگ بھی جلا دیتی ہے۔
ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم ایک ہی وقت میں کئی سمتوں میں دوڑنا چاہتے ہیں،نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہم تھک تو جاتے ہیں،مگر آگے نہیں بڑھ پاتے۔
حالانکہ جب انسان اپنی فیلڈ سے متعلق کاموں پر یکسوئی کے ساتھ وقت صرف کرتا ہے،تو وہی مسلسل محنت ایک دن اسے اسی میدان کا ماہر بنا دیتی ہے۔
مہارت اچانک نہیں ملتی وہ مستقل مزاجی کا انعام ہوتی ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہم ایک راہ کا انتخاب کریں،ایک منزل طے کریں،اور پھر اسی سمت میں چلتے رہیں۔
راستے بدلنے والے اکثر منزل سے دور رہ جاتے ہیں،مگر ثابت قدم رہنے والے آخرکار اپنی منزل پا لیتے ہیں۔
استقامت دراصل کامیابی کا وہ خاموش اصول ہےجو شور نہیں کرتا مگر تاریخ بدل دیتا ہے۔